انو کیا کیا دیکھتی ہے (آڈیو کہانی ) سرگرمی صفحہ
Jump to navigation
Jump to search
یہ سرگرمی صفحہ طلباء کے زبان سیکھنے کے تجربات کو بہتر بنانے کے لیے ڈیجیٹل آڈیو کہانیوں کو ایک تعلیمی آلے کے طور پر استعمال کرنے کی کوشش کا حصہ ہے۔
تعارف:
یہ کہانی ایک بچی انو کی ہے، جو اپنے اردگرد کے خوبصورت اور دلکش مناظر کا جائزہ لینے میں مصروف ہے۔
کہانی کا ماخذ: پرتھم اسٹوری ویور
موضوعات: قدرتی مناظر، جاندار و بے جان چیزیں، مشاہدہ، اور تخلیقی سوچ
موزوں برائے: ہائر پرائمری ،جماعت ۴،جماعت ۵،جماعت۶،جماعت۷
تعلیمی مقاصد:
- طلباء کہانی سنیں اور قدرتی اور مصنوعی اشیاء کے فرق کو سمجھ سکیں۔
- طلباء قدرتی مناظر اور اشیاء کے بارے میں اپنے مشاہدات کا اظہار کر سکیں۔
- طلباء کہانی میں بیان کردہ مناظر کو اپنے تجربات کے ساتھ جوڑ سکیں۔
- طلباء تخلیقی انداز میں اپنے خیالات کا اظہار کر سکیں۔
- طلباء زبان اور تصوراتی صلاحیتوں کو بڑھا سکیں۔
کمرۂ جماعت کی سرگرمیاں:
یہاں کچھ طریقے ہیں جن سے آپ اس کہانی کو اپنی کلاس میں لے جا سکتے ہیں۔
'قبل از سننے' کی سرگرمیاں:
آڈیو کہانی میں مشغول ہونے سے پہلے، اپنے طلباء کو ان سرگرمیوں میں شامل کریں جو ان کی سننے کی مہارتوں اور توجہ کو بڑھانے کے لیے بنائی گئی ہیں۔
- "میں دیکھتی ہوں" کھیل: طلباء سے کہیں کہ وہ اپنی آنکھیں بند کریں اور اپنے گرد و پیش کی چیزوں کا تصور کریں، پھر بتائیں کہ انہوں نے کیا دیکھا۔
- تجرباتی سرگرمی: طلباء کو کہیں کہ وہ باہر جائیں اور اپنے اردگرد کی چیزوں کو دیکھیں، اور ایک صفحے پر لکھیں کہ انہوں نے کیا دیکھا (جیسے درخت، پھول، پرندے)۔
- مشاہداتی گفتگو:طلباء سے پوچھیں کہ وہ اپنے آس پاس کون کون سی چیزیں دیکھتے ہیں؟ ان میں جاندار اور بے جان چیزیں کون سی ہیں؟ مثال: درخت، پرندے، گاڑیاں، عمارتیں وغیرہ۔
- تصاویر کے ذریعے مشاہدہ:طلباء کو مختلف قدرتی اور مصنوعی چیزوں کی تصاویر دکھائیں اور ان سے کہیں کہ وہ ان چیزوں کی خصوصیات پر بات کریں۔
- قدرتی عناصر پر بات چیت:طلباء سے پوچھیں کہ کیا انہوں نے کبھی ندی یا سمندر دیکھا ہے؟ یا کسی باغ میں گئے ہیں؟ وہاں انہوں نے کون کون سی چیزیں دیکھیں؟
'سننے کے دوران' کی سرگرمیاں:
- کچن کا مشاہدہ:کہانی سنتے ہوئے، طلباء سے پوچھیں کہ ان کے باورچی خانے میں کون کون سی چیزیں موجود ہوتی ہیں؟
- بارش اور قوسِ قزح:طلباء سے پوچھیں کہ جب بارش برستی ہے تو آسمان پر کیا نظر آتا ہے؟ کیا انہوں نے کبھی قوسِ قزح دیکھی ہے؟ اس میں کون کون سے رنگ نظر آتے ہیں؟
- رنگین اشیاء کی شناخت:کہانی سنتے ہوئے طلباء سے پوچھیں کہ سرخ رنگ کی کون کون سی چیزیں انہیں نظر آتی ہیں؟
- متضاد الفاظ کی تلاش:کہانی کے دوران متضاد الفاظ پر بات کریں جیسے دن-رات، روشنی-اندھیرا وغیرہ۔ طلباء سے کہیں کہ کہانی میں متضاد الفاظ کو تلاش کریں۔
سننے کے بعد کی سرگرمیاں:
- کچن کی فہرست: طلباء اپنے باورچی خانے میں موجود اشیاء کی فہرست بنائیں اور انہیں کلاس میں پیش کریں۔
- مخصوص اشیاء کے نام:طلباء سے کہیں کہ وہ گھر جا کر دیکھیں کہ آج ان کی امی کیا پکاتی ہیں اور ان چیزوں کے نام لکھ کر لائیں۔
- ڈیزائننگ:طلباء کو چند سموسے، جلیبی، یا مٹھائیوں کے نقشے اتارنے کی ترغیب دیں۔
- گھر کی اشیاء کی فہرست:طلباء سے کہیں کہ وہ اپنے گھروں میں موجود سامان کی فہرست بنا کر لائیں۔
- آسمان کا مشاہدہ: رات میں طلباء آسمان کا مشاہدہ کریں اور آسمان میں نظر آنے والی چیزوں کے نام لکھ کر لائیں۔
- کہانی دوبارہ سنانا: طلباء کو چھوٹے گروپوں میں تقسیم کریں اور ہر گروپ سے اپنے الفاظ میں کہانی دوبارہ سنانے کو کہیں۔
- مشاہداتی جریدہ: طلباء کو ایک جریدہ بنانے کے لیے کہیں جہاں وہ اپنے مشاہدات کو لکھیں، جیسے "آج میں نے باہر کیا دیکھا؟" اور "کون سی چیزیں جاندار تھیں؟"۔
- آرٹ پروجیکٹ: طلباء کو کہیں کہ وہ اپنی پسندیدہ چیز کی تصویر بنائیں جو انہوں نے کہانی میں سنی، جیسے پھول، درخت یا جانور، اور اس کی وضاحت کریں۔
- موازنہ: طلباء سے کہیں کہ وہ اپنی پسندیدہ جگہ کا موازنہ انو کے منظر کے ساتھ کریں اور بتائیں کہ انہیں وہاں کیوں جانا پسند ہے۔
کتاب سے جوڑنا:
مذکورہ موضوع پر مبنی نصابی کتب کے اسباق سے انہیں جوڑا جا سکتا ہے۔